اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بہترین فیصلہ ہے، اسرائیل کو فوری طور پر غزہ میں معصوم شہریوں کی نسل کشی اور خونریزی کو روکنا ہوگا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اس فیصلے نے اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی غیر انسانی کارروائیوں اور بربریت کو بے نقاب کر دیا ہے۔
صدر نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں بالخصوص سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے اقدامات کریں اور اسرائیل کو فلسطین میں مزید خونریزی سے روکیں۔ادھرسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف ساؤتھ افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔
اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ عالمی برادری عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطینیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔