اسلام آباد(اُمت نیوز) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز سننے والے جج کی ریٹائرمنٹ تک رخصت کی درخواست منظور نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے رخصت پر جانے کے معاملے میں وزارت قانون و انصاف کی جانب سے ان کی درخواست منظور نہیں کی گئی، جس کے بعد جج محمد بشیر نے ریٹائرمنٹ تک چھٹی کے لیے دی گئی اپنی درخواست واپس لے لی۔
جج محمد بشیر نے طبیعت کی ناسازی کے باعث24 جنوری سے14 مارچ تک رخصت کی درخواست دی تھی۔ وزارت قانون نے رخصت کی درخواست منظور نہیں کی، جس کی وجہ سے درخواست واپس لی گئی۔
جج محمد بشیر کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 2 ریفرنسز زیر سماعت ہیں جب کہ جج محمد بشیر مدت ملازمت مکمل ہونے پر 14 مارچ2024ء کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ تک میڈیکل لیو کے لیے درخواست دی تھی۔