کراچی : بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر مختلف شہروں میں پارٹی نے ریلیاں نکالیں۔ بغیر اجازت ریلیاں نکالنے پر ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔ کراچی میں 3 تلوار پر پی ٹی آئی کارکنوں سے جھڑپ میں ایس ایچ او زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پی ٹی آئی کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے انتخابی ریلی میں کارکنوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔
مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سڑکیں بند کرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد کارکن منتشر ہوئے۔ کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان 3 تلوار سے متصل سڑک پر پہنچے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی میں شرکت کرنے والے کارکنان میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی الرٹ رہی۔ پولیس نے کہا کہ سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔تاہم اس موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ اور پولیس نے تین تلوار پر دفعہ144کی خلاف ورزی پر 10افراد کو حراست میں لے لیا۔