اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کیلئے کوشاں ہیں،احمد شاہ

کراچی: نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور اور سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ مالی مسائل کو کسی حد تک حل کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی سندھ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک رلیشنز محمد سلیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفد کی قیادت جنرل سیکریٹری اے پی این ایس سید سرمد علی کررہے تھے۔ اس موقع پر اراکین نے صوبائی وزیر کو اخبارات کے واجبات ، علاقائی اخبارات کو اشتہارات کے اجرا اور دیگر متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ نگراں حکومت کی کوشش ہے کہ اخبارات کے واجبات کا مسئلہ جلد ازا جلد حل کیا جائے اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ خصوصاً ڈسپلے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ان اخبارات سے ہزاروں ملازمین کا روزگار وابستہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اخبارات اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ملازمین اور زیادہ محنت اور لگن سے کام کرسکیں۔عام انتخابات کے حوالے سے اخبارات کی ذمے داری ہے کہ وہ قومی مفاد کو ترجیح دیں اور اپنی مصدقہ خبروں کے ذریعہ عوام کو حقائق سے آگاہ رکھیں تاکہ وہ سکون کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں، نگراں حکومت نے صحافت پر کوئی قدغن نہیں لگائی ،یہی وجہ ہے کہ اخبارات اپنی خبروں ، تجزیوں اور مضامین کو شائع کرنے میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ وفد نے اپنے مسائل کو توجہ سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروانے پر نگراں صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔