اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ خود مختاری اور جغرافیائی سرحدوں کا احترام کیا جانا چاہئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریاستی خود مختاری، علاقائی سالمیت کا احترام اور ریاست سے ریاست کے تعلقات کو اہم قرار دیا، آرمی چیف نے ایک دوسرے کے تحفظات کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ایران کے وزیر خارجہ نے ملاقات کے دوران دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے باہمی تعاون، بہتر کوآرڈی نیشن اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آرمی چیف نے سلامتی کے خدشات کو دور کرنے کیلئے دستیاب مواصلاتی ذرائع کو استعمال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو جلد سے جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔