وزیراعظم بنا تو عوام کی آمدنی دوگناکر دوں گا، بلاول بھٹو

ڈیرہ اسماعیل خان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج میں بہادر اور وفادار بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہوں ، ڈی آئی خان کے ساتھ تین نسلوں کا رشتہ ہے ،8 فروری کو ڈی آئی خان میں تیروں کی بارش ہوگی اور شیر کا شکار ہوگا ، صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی جانتی ہے کہ عوام کے مسائل کیسے حل کرنے ہیں ملک کو کیسے ترقی کی را پر ڈالنا ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈی آئی خان کے ساتھ رشتہ تین نسلوں سے چلا آرہا ہے، قائد عوام نے اسی حلقے سے الیکشن لڑا تھا، شہید محترمہ بھی یہاں آتی تھیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئےکہا کہ نئی سوچ اور نئے پاکستان کو چنو، وزیراعظم بنا تو عوام کی آمدنی دگنی کرکےدکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ ہے ڈی آئی خان میں خواتین کیلئے یونیورسٹی بناؤں گا۔ بلاول نے مزید کہا کہ آپ چاہیں یا نہ چاہیں خان صاحب اس الیکشن سے تو آؤٹ ہیں اور مولانا تو آپ کے پاس ووٹ مانگنے بھی نہیں آئے،چنانچہ وہ بھی آؤٹ ہیں، اب صرف شیر اور تیر کا مقابلہ رہ گیا ہے۔

مزید برآں اپنےایک انٹرویو میں گفتگوکرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ ن لیگ کے ساتھ مل کر چلنا اب ناممکن ہوگیا ہے، میرے والد کو سب سے زیادہ عرصہ جیل میں میاں صاحب نے ہی ڈالا، ان کے دور میں ہی والد کی زبان کاٹی گئی،سیاستدانوں نے اس الیکشن کو سنجیدگی سے نہیں لیا، الیکشن کے دوران سیاسی ماحول پہلے جیسا نہیں، بانی پی ٹی آئی امپائر کی انگلی کے علاوہ سیاست نہیں کر سکتے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ سے کہہ رہا ہوں کہ ہمیں رولز آف گیم طے کرنا چاہیے، الیکٹورل اور جمہوری اصلاحات ضروری ہیں۔