عمران خان! مکافات عمل دیکھ لو، مریم نواز

ہارون آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے مسائل کاشکار عوام نواز شریف کو یاد کررہے ہیں ،جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے آئو دیکھ لو آج عوام کا سمندر اور دیکھو کس کی سیاست ختم ہوگئی ہے کون آج عوام میں ہے اور کون جیل میں ہے ، ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والوں کو آج دس سال سزا ہوگئی ، جب پانامہ جیسے ڈرامے میں نواز شریف کو سزا ہوئی تو عمران خان مٹھائیاں کھا رہا تھا، آج مکافات عمل دیکھ لو اسے بھی دس سال سزا ہوگئی اور نواز شریف کو اﷲ نے سرخرو کردیا ہے۔ جب اس نے دیکھا کہ اقتدار جا رہا ہے تو وزیراعظم ہوتے ہوئے اس نے جھوٹا کاغذ لہراتے ہوئے کہا میرے خلاف سازش ہوئی ہے، اس نے قومی سلامتی کے ساتھ کھیلا۔

این اے 127 میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کوئی سمجھتا ہے ووٹ خرید لے گا تو یہ اس کی بھول ہے، یہ نوازشریف کے نوجوان ہیں۔ یہاں کسی کو مناظرہ کرنے کا بہت شوق ہے، مناظرہ کرنا ہے تو کر لو، مناظرہ تو تب بنتا ہے جب آپ نے نوازشریف اور شہباز شریف کے جتنے ترقیاتی کام کئے ہوں، تم نے دانش سکول جیسے تعلیمی ادارے بنائے ہیں تو مقابلہ بنتا ہے، تم نے لاہور کی میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین جیسا کچھ بنایا ہے تو مناظرہ کر لو۔ مریم نواز آج ظفروال میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ علاوہ ازیں مریدکے میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےسابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا بانی پی ٹی آئی سیاسی طور پر ماضی کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ عوام پیپلز پارٹی کو پنجاب سے نکال چکے اب انہیں کچھ نہیں ملے گا بلکہ الیکشن میں جیت کر سندھ میں بھی خوشحالی اور عوام کی قسمت بدلنے کی نئی داستان رقم کریں گے ۔

دریں اثنا پی ٹی آئی رہنماوں کو سز ا پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا میرے خیال میں عدالت نے نرم فیصلہ دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے رویے سے پاکستان کے سفارتی تعلقات متاثر ہوئے۔ خواجہ آصف نے کہا قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست نہیں کی جاسکتی۔رانا ثناﷲ نے کہا ریاستی مفادات کے ساتھ کھیلنے پر سزا ہی بنتی ہے، سائفر کو پبلک نہیں کیا جاسکتا۔عطا تارڑ نے کہا سیاسی مفادات کی خاطر ملک کو دائو پر لگا دیا،ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا گیا، سیاسی مفادات کی خاطر ملک کو دائو پر لگا دیاگیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں چور چور کا شور مچانے والا خود چور نکلا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی 2023 کی رپورٹ نے دنیا کو دکھا دیا کہ صادق اور امین کون ہے اور کرپٹ کون ہے۔ سابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی متعلقہ شقوں کا مذاق اڑایا۔ عمران خان نے قومی سلامتی کےمعاملات پر بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا سابق چیئرمین پی ٹی آئی اپنے حلف سے روگردانی کے مرتکب ہوئے۔ مزید برآں مسلم لیگ(ن)2 فروری کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں جلسہ کرے گی۔