ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا، فائل فوٹو
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا، فائل فوٹو

کراچی اب پلٹ کر ووٹوں کے ذریعے وار کریگا،خالد مقبول

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی اب پلٹ کر ووٹوں کے ذریعے وارکرنے والا ہے،ایم کیو ایم کے 3 دفاتر پرحملے ہوئے اسے تصادم قراردینا بہت زیادتی کی بات ہے،تینوں حملے اس جماعت نے کیے جسکا سندھ کے شہری علاقوں میں کوئی مینڈیٹ نہیں،یہ جماعت 5 سال سے ایم کیو ایم کے 35 سالہ مینڈیٹ پرقبضہ کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے اب پیپلزپارٹی کو اپنی جاگیرچھننے کا خوف ہے،ایم کیوایم سے پہلے بھی سندھ کے شہروں میں پیپلزپارٹی نہیں جیتتی تھی پھربھی ہم نے ماضی میں بارباران سے تعاون کیا لیکن ہربارہم ڈسے گئے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایم کیو ایم پاکستان مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرایم کیو ایم پاکستان کے سینئرڈپٹی کنوینرزنسرین جلیل،سید مصطفی کمال،ڈاکٹرفاروق ستار،ڈپٹی کنوینرانیس قائم خانی سمیت دیگراراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے،ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری سپورٹ کے بغیرسندھ سے وزیراعظم نہیں آسکتا تو آپ کیسے آئیںگے ہم سے ووٹ مانگنے؟

انہوں نے کہا کہ اب میں نگراں وزیراعلیٰ سے کوئی توقع نہیں رکھنا چاہتا،ہمیں لگتا تھا کہ یہ نگراں ہیں تو نگرانی کریںگے اورانصاف کریںگے لیکن سب اسکے برعکس ہے،خبرداراگرکسی نے مینڈیٹ پیسوں اوردھونس دھمکی سے چرانے کی کوشش کی،اُنہوں نے آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب احتساب آپ کا بھی ہوگا کیونکہ قاتلوں کو گرفتارنہیں کیا جارہا،8 فروری کو ووٹ کے ذریعے ایم کیو ایم کا تفصیلی جواب آجائیگا،مجھے بانی پی ٹی آئی کو ہونیوالی سزا سے انتقام کی بو نہیں آرہی۔