لاہور: لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہد بلال حسن نے پرویز الٰہی کی انتخابی نشان مور لینے کی درخواست مسترد کردی،عدالت نےمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے پرویز الٰہی کو گدھا گاڑی کا نشان الاٹ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں میں سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت کا عدالتی حکم واپس لینے کیخلاف درخواست پر کارروائی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم دستیابی پر ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔
جسٹس شہرام سرور نے سماعت کی تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیماری کی وجہ سے پیش نہ ہوسکے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہی کیخلاف پرنسپل سیکرٹری بھرتی کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا ۔جسٹس شہرام سرور نےسماعت کی تو ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے بتایادرخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے خود دلائل دینے ہیں، مہلت دی جائے۔
پرویز الہی کے وکیل عامر سعید راں نے مہلت دینے کی استدعا کی مخالفت کی اور نشاندہی کی کہ تین سماعتوں سے بحث نہ کرنے کے بہانے تراشے جا رہے ہیں، دو ماہ سے درخواست ضمانت زیر التواء ہے، مزیدسماعت14 فروری تک ملتوی کردی گئی۔