عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہونے چاہیں،قائم علی شاہ

خیرپور: سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پی ایس 26 کے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا عدالت نے دی ہے ان کی سزا کا معاملہ الیکشن پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیئے الیکشن مقرر ہ تاریخ پر ہونے چاہیں وہ خیرپور لقمان میں الیکشن آفس کے افتتاح کے بعد جاوید پٹھان کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے سید قائم علی شاہ نے کہاکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو دی گئی سزا کے معاملے پر ہم کچھ نہیں کہیں گے یہ معاملہ عدالت کا معاملہ ہے انہوں نے کہاکہ الیکشن 8 فروری کو ہونے چاہیں امن وامان کا جواز بنا کر الیکشن کو ملتوی نہیں کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہاکہ منتخب حکومتیں ہی مسائل حل کرتی ہیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میاب جلسے کر رہے ہیں بلاول بھٹو ملک گیر سطح پر الیکشن جیتیں گے اور وزیر اعظم بنیں گے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے مسلسل 15 برس سندھ پر حکمرانی کی جس کے نتیجے میں سندھ میں بڑی ترقی ہوئی تاریخی کام ہوئے چوتھی بار حکومت بنا کر سندھ کو ملک کا مثالی اور تاریخی صوبہ بنائیں گے انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف طویل عرصہ ملک سے باہر رہے ہیں ان کو سندھ کی ترقی کے متعلق کچھ معلوم نہیں۔

انہوں نے کہاکہ جو طویل عرصہ ملک سے باہر رہتا ہے ان کو اپنے ملک کی صحیح خبریں نہیں ملتیں،پیپلز پارٹی نے سندھ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے 8 فروری کو چوتھی بار کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائیں گے۔