جیکب آباد: نہ کھپے نہ کھپے میاں صاحب نہ کھپے،ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے سندھ کی عوام اس سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کشمور میں انتخابی ریلی اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک مشکل میں ہے ہم تاریخی معاشی بحران سے گذر رہے ہیں ،پاکستان پیپلزپارٹی نفرت اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اس وقت اگر کوئی جماعت عوام کی نمائندگی کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں وزیراعظم بن کر مہنگائی،بیروزگاری اور غربت کا مقابلہ کروں گا، کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی گذشتہ تین نسلوں سے غربت،مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کر رہی ہے ۔ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ باقی سیاسی جماعتیں نفرت،تقسیم اور مذہب کی سیاست کر رہی ہیں انہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا ہے جس کا نقصان پاکستان کی معیشت کو ہو رہا ہے، تخت لاہور کی لڑائی کا بوجھ عوام مہنگائی،غربت اور بیروزگاری کی صورت میں اٹھا رہی ہے۔
پیپلزپارٹی نفرت اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اگر 8 فروری کو عوام نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا تو میں آپ کو نفرت اور تقسیم کی سیاست دفن کرکے دکھاؤں گا ۔ بلاول بھٹوزرداری نےمزید کہا کہ مجھے شکارپور سے 100فیصد ووٹ چاہئیں، مجھےاکثریت ملی تومسائل کا حل کرنا آسان ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بلاتفریق خدمت کریں گے، ہم سب مل کر مہنگائی، غربت کا مقابلہ کریں گے، عوام کے ساتھ بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالوں گا۔بلاول نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ شکارپور کے عوام ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔