حافظ آباد قومی اسمبلی کا سب سے بڑاحلقہ،8لاکھ سے زائد ووٹرز

اسلام آ باد:  قومی اسمبلی کے70 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 65 حلقوں میں آبادی کا تناسب 10فیصد سے زیادہ ہے۔قومی اسمبلی کا سب سے بڑا حلقہ 8لاکھ سے زائد ووٹرز کے ساتھ حافظ آباد جبکہ سب سے کم ووٹرز کا حلقہ 1لاکھ 55ہزار ووٹرز کے ساتھ کراچی ویسٹ ہے۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے 70 اور صوبائی اسمبلیوں کے65 حلقے ایسے ہیں جو ایک اسمبلی کے حلقوں کی آبادی میں 10 فیصد فرق کی قانونی حد سے زیادہ ہیں فافین کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کی حتمی فہرستوں فارم 28میں فراہم کردہ ووٹرز کے اعدادوشمار کے مطابق این اے67 حافظ آباد میں سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز 8لاکھ 10ہزار723 جبکہ این اے244 کراچی ویسٹ-I میں سب سے کم رجسٹرڈ ووٹرز 1لاکھ 55ہزار ہیں۔

خیبر پختونخوامیں NA18 ہری پور میں سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز7لاکھ24ہزار جبکہ NA-12 کوہستان اپر-کم-کوہستان لوئر-کم-کولئی پلس کوہستان میں سب سے کم (196,125) ہیں۔ سندھ میں، NA-209 سانگھڑ-I میں سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز (607,638) ہیں ،بلوچستان میں، NA-255 صحبت پور-کم-جعفر آباد-کم-استہ محمد-کم-نصیر آباد میں سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز (532,537) ہیں ۔مختلف حلقوں میں ووٹر رجسٹریشن میں پنجاب سرفہرست ہے، اس کی کل آبادی کا 57 فیصد بطور ووٹر رجسٹرڈ ہے، جب کہ بلوچستان میں ووٹر رجسٹریشن سب سے کم ہے، جہاں اس کی کل آبادی کا صرف 36 فیصد رجسٹرڈ ہے۔ خیبرپختونخوا میں ووٹر رجسٹریشن کی شرح 53 فیصد ہے، سندھ 48.5 فیصد ووٹر رجسٹریشن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اور اسلام آباد میں ووٹر رجسٹریشن کی شرح 45.8 فیصد ہے۔