جھل مگسی(اُمت نیوز)جھل مگسی میں نواب فیملی کے مقابلے میں ایک کسان کی بیٹی انتخابی میدان میں آگئی، حلقہ پی بی 11 سے امیدوار ریحانہ مگسی اس پسماندہ علاقے میں طاقتور نوابوں کو چیلنج کرنے والی پہلی خاتون ہیں، ریحانہ نے حکام سے سیکیورٹی کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
جھل مگسی میں پہلی بار نواب مگسی فیملی کے مقابلے میں ایک ہاری خاتون کھڑی ہوگئی، ریحانہ مگسی جاموٹ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔
گوٹھ سارنگ کے کچے گھر میں رہنے والی یہ باہمت خاتون صبح اٹھ کر پہلے اپنے گھر کا کام کرتی ہیں اور پھر گھرگھر جاکر ووٹ مانگتی ہیں، کھبی بائیک پر اور کبھی پیدل لوگوں کے پاس جاتی ہیں۔
عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کا دعوی کرنے والی اس خاتون کے پاس کلر پمفلٹ چھپوانے تک کے بھی پیسے نہیں۔
ریحانہ مگسی کہتی ہیں کہ نوابوں نے غریبوں کو کوئی سہولت نہیں دی، مالی مشکلات کی وجہ سے شاید جیت وہ جیت نہ سکوں لیکن خواتین اور لوگوں میں موجود ڈر اور خوف کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔