کھڈیاں : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کھڈیاں خاص میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے شہباز شریف کو الیکشن لڑنے کے لیے قصور بھیجا ہے۔ کھڈیاں والو! نواز شریف نے الیکشن کمپئین کا آخری جلسہ آپ کے شہر میں آ کر کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج مسلم لیگ نے ملک بھر میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ یہ جھوٹے سروے نہیں کہہ رہے یہ بات کھڈیاں کی عوام کہہ رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کی چیف آٰرگنائزرمریم نواز کاکہنا ہے کہ قصور والو! آپ کے نواز شریف سے عشق نے بازی پلٹ دی قصور نے آج تک کسی اور جماعت کو گھسنے نہیں دیا آپ کی استقامت کو سلام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑ آئی ہے، ہر سروے نے مخالفین کے پرخچے اڑا دیئے۔قصور کے لوگ نواز شریف سے بہت محبت کرتے ہیں، نواز شریف نے قصور میں انتخابی مہم کا آخری جلسہ کرکے محبت کاثبوت دیا ہے، ملک میں نواز شریف کے علاوہ کسی کی بات نہیں ہوتی ہے۔ مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر نواز شریف پر ختم ہوتی ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کاکہنا تھا کہ آج میں کھڈیاں اور پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں آپ نے انتقام اور جبر برداشت کیا۔ لیکن نواز شریف کا سر جھکنے نہیں دیا۔ میرا سیاسی جنم ایک ایسے دور میں ہوا جہاں پر ماں بہن بیٹی کی کوئی عزت نہیں تھی۔ میرا سیاسی جنم ایک انتہائی غلط دور میں ہوا ۔جہاں پر ماؤں بہنوں کو چکیوں میں بند کر کے بھیج دیا گیا۔