راولپنڈی : 7 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت میں توسیع ہو گئی ، بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا، عدالت نے علیمہ خان کیخلاف کارروائی سے روکدیا ، یاسمین راشد ،محمود الرشید ، اعجاز چودھری پر فرد جرم عائد جبکہ شہباز گل سمیت64ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے7 مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں 9 فروری تک توسیع کر دی،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک سے حاضری نہیں لگ سکی، وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ جب ملزم کی ویڈیو لنک پر حاضری ہو گی تو ہی دلائل دونگا، عدالت نے ائندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے دلائل طلب کرلئے۔
ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی کے درج مقدمات کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔ عدالت نے 9 مئی کے درج مقدمات میں ملزمان کی حاضری لگانے کی ہدایت کی ،بعد ازاں سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں ملزمان کی حاضری کا عمل مکمل کیاگیا ،شیخ راشد شفیق، عمر تنویر بٹ، صداقت عباسی اور واثق قیوم عباسی کی حاضری مکمل کی گئی ۔ علاوازیں توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی نے سب جیل قرار دی گئی بنی گالہ سے واپس اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشری بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا انتظامیہ کا 31 جنوری کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے، میں کسی بھی عام قیدی کی طرح اپنی سزا اڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں دوسرے سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں، بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے ۔
علاوازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کو آئندہ سماعت تک علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی جلائو گھیرا ئوکے مقدمات میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد ،میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم عائد کردی ۔عدالت نے ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو بھی طلب کر لیا۔علاوازیں فیصل آباد انسداددہشتگردی عدالت نے 9مئی مقدمات میں ملوث پی ٹی آئی رہنما شہباز گل سمیت64ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے خیال کاسترسمیت متعدد پی ٹی آئی رہنمائوں کی ضمانتوں میں توسیع کر دی ۔ صاحبزادہ حامد رضا، حسن نیازی، اسد محمود اکرم ساہی کی ضمانتوں میں 14 فروری تک توسیع ہوئی ۔