لاہور: (اُمت نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ الیکشن کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنا تشویشناک بات ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ، بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج صبح پتہ چلا ہے کہ انٹرنیٹ اورفون سروسز بند کردی گئی ہیں، موبائل فون سروس بند کرنا تشویشناک بات ہے، موبائل فون سروس کمیونیکیشن کا ذریعہ ہے، موبائل فون سروس کے بغیر الیکشن کمیشن کا عملہ کیسے کام کرے گا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ خبریں ہیں کہ کچھ لوگوں کے گھروں پر رات چھاپے مارے گئے، لوگوں کو گرفتار اور ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی ہے، رات دیر تک عملہ تعینات ہوتا رہا، پولنگ ڈسٹرکٹ میں بھی بہت سارے مسائل سامنے آئے ہیں، دور دور پولنگ سٹیشنز بنادیئے گئے ہیں، یہ بڑی اچنبھے والی بات ہے، کل جو واقعات ہوئے وہ قابل مذمت ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کرے امن اور خیر خیریت سے انتخابات ہوجائیں، لوگوں کو چاہیے آج کے دن امن کے ساتھ رہیں، آج کا دن امن سے گزرے تاکہ قومی مسائل کے حل کی جانب بڑھیں۔