عام انتخابات،وزیراعلیٰ کا بہترین انتظامات پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

لاہور (اُمت نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عام انتخابات کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور ڈیجیٹل وال کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک کیمروں کے ذریعے تینوں شہروں میں مانٹیرنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔

محسن نقوی نے سیف سٹیز اتھارٹی کے عملے کے ساتھ مصافحہ کیا اور مؤثر مانیٹرنگ پر شاباش دی۔

انہوں نے اینٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونی کیشن سینٹر کا دورہ کیا اورکمیونی کیشن آفیسرز کے ساتھ گفتگو کی، محسن نقوی نے ڈیٹا سینٹر کا بھی دورہ کیا، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے وزیراعلیٰ کو مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں محسن نقوی نے عام انتخابات کے دوران بہترین انتظامات اور مؤثر سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی امن وامان، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پنجاب بھر میں پرامن ماحول میں لوگوں نے حق رائے دہی استعمال کیا، پوری ٹیم نے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کی قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی شبانہ روز محنت کے باعث عام انتخابات کا اہم مرحلہ پرامن گزرا،بخیر و عافیت اور پرامن طریقے سے الیکشن کے انعقاد پر اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کر امن وامان کی فضا کو برقرار رکھا، لاہور سمیت صوبہ بھر میں بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔