ایمل ولی کا عمران خان کیخلاف کیس غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دیا گیا

 

پشاور(اُمت نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی کا سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کیس کو غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد نے اے این پی کے ایمل ولی کی جانب سے عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

ایمل ولی کے وکیل نے کہا کہ اسمبلی رہی نہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی اب ممبر رہے، اس لیے کیس اب قابل سماعت نہیں، صرف آرڈر میں اتنا لکھ دیں کہ یہ کیس آئندہ دائر کیا جاسکتا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان ضمنی انتخابات میں 7 حلقوں سے جیت گئے تھے، اثاثوں اور کاغذات نامزدگی میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے غلط بیانی کی، انہوں نے کاغذات میں توشہ خانہ تحائف کا ذکر نہیں کیا۔

درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ اثاثے ظاہر نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی کو 7 حلقوں سے نااہل کیا جائے۔

بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹادی۔