اسلام آباد(امت نیوز)صدرمملکت عارف علوی کو وفاقی ٹیکس محتسب نے سالانہ رپورٹ 2023 پیش کر دی۔ محتسب نے ٹیکس دہندگان کی سہولت اور ٹیکس حکام کی بدانتظامی کے خلاف شکایات کے حل کیلئے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق اس موقع پرصدرمملکت نے کہا کہ ٹیکس محتسب نےسال 2023 میں ریکارڈ کیسز پر کارروائی کی ،ٹیکس دہندگان کو 17.74 ارب روپے کے ریفنڈز کی فراہمی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس محتسب کے ادارے کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکس محتسب متاثرہ ٹیکس دہندگان کو بلا معاوضہ اور فوری انصاف فراہم کر رہا ہے۔ٹیکس نظام میں بہتری، ٹیکس دہندگان کی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس محتسب نے ملک میں گڈ گورننس کے فروغ میں مو ثر کردار ادا کیا ہے۔ ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے صدر مملکت کو محتسب کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وفاقی ٹیکس محتسب نے 2023 میں 8963 معاملات پر کارروائی کی، ٹیکس محتسب نے 2023 میں 17 ارب سے زائد کے ٹیکس ریفنڈ کلیمز کا فیصلہ کیا، ٹیکس ریفنڈ کی رقم ایف بی آر کی جانب سے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو ادا کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں آگہی مہم، نئے علاقائی دفاتر سے ٹیکس محتسب کی رسائی بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات لئے گئے ،امریکہ، کینیڈا، سویڈن، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور فلپائن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اعزازی مشیر تعینات کئے گئے۔ٹیکس محتسب نے تاجر برادری کی سہولت کیلئے مختلف ایوانان صنعت و تجارت سے اعزازی مشیر مقرر کئے۔