لاہور (امت نیوز) جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کا انعقاد پرامن ہوا تاہم رات کو نتائج روک کر بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔ معاملات الیکشن کمیشن کی بجائے کہیں اور سے کنٹرول ہورہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں۔
منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا یہ معاملہ صرف جیت اور ہار کا نہیں، ووٹ کے تقدس کا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران حکومت دھاندلی کے مسلئے پر چیف جسٹس کے ذریعے عدالتی کمیشن تشکیل دے۔ مجوزہ عدالتی کمیشن سے تمام سٹیک ہولڈر رجوع کرسکتے ہیں، الیکشن کمیشن کی کاروائی کو لائیو نشر کیا جائے۔ قیصر شریف نے کہا کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے، جماعت اسلامی الیکشن دھاندلی کے خلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی، تمام حلقوں میں ہونے والی دھاندلی سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کو تحفظ فراہم کررہی ہے، کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، اسی طرح کے پی میں ہمارے امیدواروں کو دھاندلی کے ذریعہ ہرایا گیا،جیتی ہوئی سیٹیں ہروانے کی کوشش کی جا رہی رہی ہے۔