اسلام آباد،پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سی ڈی اے کی خصوصی کاوشیں

اسلام آباد: (پ ر ) وفاقی ترقیاتی ادارے (کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کے شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو موسم گرما کے دوران کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے.

اس ضمن میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے خانپور کینال کی سالانہ صفائی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے. جسکو رواں ماہ کے آخری تک مکمل کرلیا جائے گا. چونکہ خانپور سے اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین، جی الیون، ایف ٹین، ایف الیون سمیت ڈی ٹوئیلو کے رہائشیوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے اور خانپور کینال کی سالانہ صفائی مہم کے باعث پانی کی سپلائی مزکورہ سیکٹرز میں پچاس فیصد تک کم کردی جائے گی۔ جسکو سملی ڈیم سمیت سنگجانی واٹر ورکس سے پورا کیا جائے گا. تاہم موسم گرما کی آمد سے قبل رہائشیوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کینال کی صفائی کا کام رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا. جسکے بعد مزکورہ سیکٹرز میں پانی سپلائی شیڈول کے مطابق بحال کردی جائے گی.

واضح رہے مون سون اور موسم سرما میں خاطر خواہ بارشیں نہ ہونے کے باعث ڈیمز میں پانی کی سطح انتہائی کم ہوگئی ہے.
مطلوبہ بارشیں نہ ہونے کے باعث خانپور ڈیم میں پانی کی مقدار 21 فیصد تک جبکہ سملی ڈیم میں 50 فیصد تک رہ گئی ہے. یعنی خانپور ڈیم میں 80 فیصد جبکہ سملی ڈیم میں 50 فیصد تک کمی واقع ہوچکی ہے. واٹر سپلائی ونگ نے خانپور ڈیم سے پانی کی سپلائی 60 فیصد تک کم کردی ہے یعنی 10 ملین گیلن کی بجائے صرف 4 ملین گیلن پانی یومیہ وصول کیا جارہا ہے.

مزید برآں خانپور کینال کی صفائی مہم کے دوران مزکورہ سیکٹرز میں ٹینکر سروس کو بھی الرٹ کردیا گیا تاکہ موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے کو ہر حال میں ممکن بنایا جاسکے. مزکورہ سیکٹرز کے رہائشی 9106580 پر کال کرکے واٹر ٹینکر سروس بھی حاصل کرسکتے ہیں. اسی طرح شہریوں کی سہولیات کے پیش نظر واٹر سپلائی ونگ نے ہیلپ لائن نمبر 03357775444 کا بھی اجراء کردیا ہے تاکہ شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں.

اس موقع پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی انتظامیہ نے شعبہ واٹر سپلائی کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کےلئے کئے جانے والے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے.

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ واٹر سپلائی نے بھی شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے.