کھچڑی بن رہی ہے نئی حکومت آٹھ، دس ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، فائل فوٹو
کھچڑی بن رہی ہے نئی حکومت آٹھ، دس ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، فائل فوٹو

ہوسکتا ہے ملک میں مارشل لا لگ جائے، پیر پگارا

جامشورو: جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا صبغت اللہ راشدی نے کہا ہے کہ  کھچڑی بن رہی ہے نئی حکومت آٹھ، دس ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، ہو سکتا ہے ایمرجنسی یا مارشل لا لگ جائے۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگاڑا کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج 2ڈھائی ماہ پہلے ہی فروخت ہوچکے تھے، جو جیتا وہ بھی سر پکڑ کر بیٹھا ہوا ہے، ڈھائی کروڑ نوجوانوں کی رائے نہ روکا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جو کھچڑی پک چکی ہے اس کے بعد جو بھی حکومت بنے گی وہ 8 سے 10 ماہ ہی چل سکے گی، الیکشن سے قبل ہمیں کئی دوستوں نے مشورہ دیا کہ انتخابات کا بائیکاٹ کردیا جائے لیکن ہم نے الیکشن لڑا، ایسا نہ کرتے تو انہیں دنیا کے سامنے ایکسپوز نہیں کر سکتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ہوسکتا ہے ملک میں مارشل لا لگ جائے، یہی عدلیہ مارشل لا کو لیگل کور بھی دےگی۔ عمران خان کو چور نہیں سمجھتے اگر بانی پی ٹی آئی چور ہیں تو پھر ہم سب چور ہیں، بانی پی ٹی آئی سے کچھ غلطیاں ہو گئی ہوں گی۔

پیر پگارا نے کہا کہ الیکشن میں بڑی تعداد میں خرید وفروخت ہوئی اس وقت الیکشن کمیشن کہاں تھا؟، آپ انصاف نہیں دیں گے تو لوگ دوسرا راستہ اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فوج ہماری اپنی ہے اس سے ہم دور رہنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، فوج فیڈریشن کی علامت ہے، ہماری فوج نہ ہوتی تو یہاں بھی فلسطین جیسا حال ہوتا۔

زرداری صاحب عیاشیاں ہوگئیں اب ختم،سندھ لیاقت جتوئی

سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کا  کہنا ہے کہ آصف زرداری نے کون سا کارنامہ انجام دیا جو اسے چوتھی مرتبہ سندھ دیا گیا، الیکشن میں دھاندلی تھی یا دھاندلا تھا۔

جامشورو میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے کہا کہ جب تک سندھ کو حقوق نہیں ملیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے، ہم مزاحمت کریں گے، یہ جعلی مینڈیٹ ہے، قبول نہیں کرتے۔

 لیاقت جتوئی نے مزید کہا کہ زرداری صاحب عیاشیاں ہوگئیں، عیاشیاں ختم ہوگئیں، کاٹو کتنی ایف آئی آر کاٹو گے، کوئی فرق نہیں پڑے گا، میں خوش ہوں، لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔

عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، فہمیدہ مرزا

سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، اٹھارویں ترمیم کو مذاق بنا دیا گیا ہے، اب سندھ کے عوام چپ نہیں بیٹھیں گے۔

جامشورو میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، جب تک سندھ کے حقوق نہ دلادیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، سندھ کو کالونی بنا دیا گیا، ہر بار سندھ کا سودا کر دیا جاتا ہے، دھاندلی کس نے کروائی، آج بچے بچے کی انگلیاں آپ کی طرف ہیں۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پنجاب جا کر کہتے ہیں شیر خون چوس رہا ہے، سندھ میں کون خون چوس رہا ہے، الیکشن کے بعد ہم پر ایف آئی آر کاٹی جا رہی ہیں، سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، اگر ایسا مزید ہوا تو دما دم مست قلندر کرکے دکھائیں گے۔

 رہنما جی ڈی اے نے کہا کہ چاہتے ہیں سندھ کی سطح پر اتحاد کریں، اتحاد میں وہ تمام جماعتیں شامل ہوں جن کے ساتھ زیادتی ہوئی یے، سندھ کے لوگ بھی اب اپنے موقف پر کھڑے رہیں گے، نام نہاد جمہوریت کا لبادہ اتر چکا ہے، اب ہم حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کریں گے، یہ الیکشن کمیشن اور الیکشن نامنظور ہے