لاہور: (اُمت نیوز) رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان سانحہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے، یہ ملک میں آگ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ لاہور میں لیگی رہنما عظمیٰ بخاری اور عطاء تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے یہ بلا سبب نہیں ہے ، یہ اسی سازش کی ایک کڑی ہے جو ہم پہلے دیکھتے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل سے ملک میں ایک ہیجان کی کیفیت بنائی ہوئی ہے، ڈسکہ الیکشن کی مثال آپ کے سامنے ہے، انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے، الزام لگانے والوں کو جواب دینا ہمیں آتا ہے، کمشنر راولپنڈی کا الیکشن کمیشن یا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ کل بتاتے، کمشنر راولپنڈی نہ آر اور تھے اور نہ ہی ڈی آر او، ان کی کوئی پوزیشن نہیں تھی، ڈی آر او اور آر اوز الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مختلف ڈی آر اوز اور ان کے بچوں کی تصاویر لگا کر خوفناک صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان سانحہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے، سابق کمشنر راولپنڈی نے بغیر ثبوت بات کر دی، یہ ملک میں آگ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایمبولینسز اور بینک جلائے گئے، افواج پاکستان کیخلاف سازش کی گئی، ریاست اور سیاست کے خلاف ہم یہ سازش دیکھ چکے ہیں، یہ اب بھی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ اپنے انتشار انگیز رویوں سے باز نہیں آ رہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ساری سازش بیرون ملک سے کی جا رہی ہے، 9 مئی سے پہلے بانی پی ٹی آئی کیخلاف وارنٹس آ رہے تھے، وارنٹ لے کر ان کی رہائشگاہ جاتے تو وہاں جتھے بٹھا دیئے جاتے، پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلانا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کیا دیکھ رہی ہے کس چیز کا انتظار کر رہی ہے، اس شخص کے کردار کے بارے میں سب کو پہلے سے پتہ ہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نفرت انگیز مواد بیچ رہے ہیں، نگران حکومت ان بلوائیوں اور جتھوں کو روکے۔