تیر اور شیر کے درمیان یہ شادی زبردستی کروائی ہے: حافظ حمداللّٰہ

اسلام آباد(اُمت نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ تیر اور شیر کے درمیان یہ شادی بالجبر ہے تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ لیں وہ اس سیاسی شادی پر خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا پیغام واضح ہے فی الحال تو پارلیمنٹ جائیں گے، پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے باہر بھی سسٹم کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ معاہدہ تو یہ ہونا تھا کہ بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کیسے کریں گے، وہاں بدقسمتی سے اقتدار اور کرسیوں کی تقسیم کی بات کی جا رہی تھی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے پاور شیئرنگ کی، عوام کے لیے ایک لفظ نہیں تھا۔

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما نے کہا کہ جے یو آئی ف اس قسم کی حکومت کا حصہ نہ بنتی ہے اور نہ بنے گی، جو حکومت انہوں نے بنائی ہے یہ صرف اقتدار کے لیے ہے، قوم کی ترقی کے لیے نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں بڑی جماعتیں کل اقتدار میں نہیں تھی تو کہتی تھی کہ دھاندلی ہوئی آج اقتدار میں جارہے ہیں تو کہتے ہیں دھاندلی نہیں ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے شفاف الیکشن کا ہونا ضروری تھا۔

حافظ حمداللّٰہ نے مزید کہا کہ الیکشن سے پہلے ہم سن رہے تھے کہ فلاں صوبہ فلاں جماعت اور وفاقی حکومت فلاں کو دی جا رہی ہے ، جو ہم الیکشن سے پہلے سن رہے تھے الیکشن کے بعد وہی کچھ ہوا، صاف اور شفاف الیکشن تو ہوا ہی نہیں، اس لیے ہم تحریک چلائیں گے۔