اسلام آباد (اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملکی صورتحال اور عام انتخابات کے نتائج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ 8 فروری کے حوالے سے تمام جماعتوں کو تشویش ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا دھاندلی زدہ الیکشن ہے، افسوس اس بات پر ہے کہ پنجاب میں مینڈیٹ کو چوری کر کے مریم نواز وزیر اعلیٰ بنیں، ان کی کابینہ بھی جعلی ہو گی، مریم نواز نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے، اس مینڈیٹ کو اور وزیر اعلیٰ کو کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ فارم 45 کے مطابق ہماری سیٹیں ہمیں نہیں دی جا رہیں، ہم اپنے حق کیلئے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان میں شفاف الیکشن اور آئین کی سربلندی کیلئے اکھٹے ہوں گے، جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور مینگل صاحب سے بھی ہماری بات چیت ہوئی ہے، تمام لوگ ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں، ملک میں آئین کی بالادستی ہو گی توآگے جائے گا۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (پی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کئی الیکشن گزرے ہیں جو متنازع ہوئے یہ انتخابات منفرد ہیں جس کے نتائج اب بھی آ رہے ہیں، ملک ایسے نہیں چل سکتا، بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف چار جماعتوں کا اتحاد ہے۔
اختر مینگل نے کہا کہ دھاندلی جیسے مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہیے، اگر تمام جماعتیں سمجھتی ہیں کہ یہ الیکشن درست نہیں تو اس کا کوئی حل نکالیں گے، میری کوشش ہے کہ تمام جماعتیں ملکر اس مسئلے کا حل نکالیں، پین ریلیف یا پین کلر کی بجائے جنرل سرجری سے اس مرض کا خاتمہ ہو گا۔