اسلام آباد (اُمت نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہینِ عدالت کیس میں ڈی سی اسلام آباد کو عدالت سے غیر حاضری پر جاری دوسرا شوکاز نوٹس واپس لے لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کی متفرق درخواست پر سماعت کی، ڈی سی اسلام آباد اپنے وکیل راجہ رضوان عباسی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے شوکاز واپس لینے کی استدعا منظور کر لی اور ڈی سی اسلام آباد کی یکم مارچ کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ فیصلہ محفوظ ہے جو جمعے کو سنایا جائے گا۔
عدالت نے حکم میں کہا ہے کہ فیصلے کے روز ملزم کا ہونا لازم ہے، استثنیٰ کی درخواست خارج کی جاتی ہے، دو تین دن رہ گئے ہیں، جمعے کے بعد یہ بے شک بیرونِ ملک چلے جائیں۔
ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ یکم مارچ کو سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے عدالت سے عمرے کی ادائیگی کے لیے بیرونِ ملک جانے کی استدعا کی تھی۔