اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، فائل فوٹو
اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، فائل فوٹو

تمام گورنرز کو آصف زرداری خود مقرر کریں گے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری صدر منتخب کے بعد تمام گورنرز خود مقرر کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو صدر مملکت منتخب کرائیں گے، وہ صدر منتخب ہونے کے بعد تمام صوبوں کے گورنرز خود مقرر کریں گے فی الوقت گورنرز کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے خلاف سنی اتحاد کونسل نے میرا ووٹ مانگا ہی نہیں اور نہ ہی انہوں نے مجھے کنوینس کرنے کی کوشش کی اس طرح تو وہ خود ہی ان کی راہ ہموار کررہے ہیں، سنی اتحاد کونسل کی وجہ سے ہی شہباز شریف وزیراعظم بنیں گے کہ ہم اگر ان کی مخالفت میں ووٹ نہ دیں تو وزیراعظم بن ہی جائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ہر حال میں 29 فروری کو اسمبلی کا اجلاس بلانا ہے اورعارف علوی اپنا فرض نہیں نبھارہے ان پر آئین توڑنے کا مقدمہ بنتا ہے۔

ایک سوال پر انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتی وہ نہ آئین کو نہ جمہوریت اور نہ اس نظام کو مانتی ہے، ہم سے غلطیاں ہوتی ہیں تو  ہم تسلیم کرتے ہیں۔

ایک سوال پر بلاول نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں اگر میں وزیراعظم بنا تو پاکستان کے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرادو تاہم مجھے مینڈیٹ نہیں ملا اس لیے میں نئے وزیراعظم سے صرف درخواست ہی کرسکتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا اور سیاست دانوں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی ہوگی۔