عام انتخابات متنازع،پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑیگا،موڈیز

اسلام آباد (اُمت نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے عام انتخابات کو انتہائی متنازع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ میں کہا ہے کہ سخت فیصلوں کیلئے پاکستان میں بننے والی نئی مخلوط حکومت کے پاس مینڈیٹ بظاہر ناکافی ہے، نئی حکومت کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کی صلاحیت پر شکوک و شبہات ہیں۔

موڈیز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کا موجود پروگرام اپریل میں ختم ہو رہا ہے، پاکستان کو عالمی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا رہے گا، موجودہ ریٹنگ عالمی ادائیگیوں میں مشکلات کی عکاسی کر رہی ہے۔

عالمی درجہ بندی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کریڈٹ ریٹنگ پر "مستحکم آؤٹ لک” کو برقرار رکھا ہے۔

موڈیز نے مزید کہا ہے کہ ملک کا کریڈٹ پروفائل حکومت کی بہت زیادہ نقدیت اور بیرونی کمزوری کے خطرات کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ زرمبادلہ کے کم ذخائر بیرونی فنانسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت سے کافی نیچے ہیں، ملک کی کمزور مالی طاقت اور سیاسی خطرات بھی کریڈٹ پروفائل کو محدود کرتے ہیں۔