آرمی چیف نے شہربانو نقوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ، فائل فوٹو
آرمی چیف نے شہربانو نقوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ، فائل فوٹو

خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی اے ایس پی سے آرمی چیف کی ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اےایس پی شہربانو نقوی سے ملاقات کے دوران اُن کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ آزادی کےبعد سے پاکستانی خواتین نے اندرون و بیرونِ ملک خود کو ممتاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہربانونقوی نے26 فروری کولاہوراچھرہ بازارکے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا۔

آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔

جنرل عاصم منیرسماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔

آرمی چیف نے س بات پر زور دیا کہ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔ اس موقع پر  آرمی چیف نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے پاکستان کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

واضع رہے پنجاب پولیس کی طرف سے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر شہربانو کو قائد اعظم پولیس میڈل (QPM) سے نوازنے کیلیے حکومت پاکستان کو سفارشات بھجوائی گئی ہیں۔

خاتون آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری 2024ء کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا۔