نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھانے کیلئے ایوان پہنچنا شروع

اسلام آباد (اُمت نیوز) قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کے نامزد وزیراعظم شہبازشریف قومی اسمبلی پہنچ گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیراعظم عمر ایوب بھی قومی اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف، عطا اللہ تارڑ اور رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت بھی قومی اسمبلی پہنچ گئے۔

کچھ دیر میں نومنتخب اراکین کی حلف برداری ہوگی۔

ادھر اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ ہائی سکیورٹی زون میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے کی صرف ان افراد کو اجازت ہوگی جن کے پاس دعوت نامے ہوں گے۔

مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے کچھ مہمانوں کے دعوت نامے منسوخ کردیئے گئے ہیں، کسی بھی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں ہے، سیف سٹی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ہائی سکیورٹی زون میں کسی بھی سرگرمی کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کو درخواست دینا ضروری ہے، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔