پیٹرولیم قیمتوں میں آج سے اضافے کا امکان

اسلام آباد(اُمت نیوز)پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں آج سے ایک سے 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ بین الاقوامی قیمتوں، امپورٹ پریمیئم اور ایکسچینج ریٹ میں معمولی ایڈجسٹمنٹ ہے۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ہائی اسپیٖڈ ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 15 روز کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں دونوں سمتوں (10 سے 50 سینٹ فی بیرل) میں معمولی اضافہ ہوا اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو پیٹرول پر زیادہ درآمدی پریمیم ادا کرنا پڑا ہے۔

اس کے نتیجے میں پٹرول کی قیمت میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کے مقابلے میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو حتمی شرح تبادلہ کے حساب پر منحصر ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز 28 فروری کو روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں تقریبا 15 پیسے کی کمی واقع ہوئی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت 0.5 ڈالر فی بیرل اضافے کے ساتھ 89.20 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 90.78 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تقریبا 8 سینٹ فی بیرل کم ہوکر 101.13 ڈالر سے 101.05 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب روپیہ عام طور پر مستحکم رہا۔