کے پی اور بلوچستان اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج

 

پشاور، کوئٹہ (اُمت نیوز) خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے ہو گا، اجلاس میں نومنتخب اراکین سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے اسپیکربابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے چترال سے جنرل نسشت پر کامیاب ہونے والی خاتون رکن ثریا بی بی کی منظوری دی گئی۔

نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا گیا تھا تاہم سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بابر سلیم سواتی نے کاغذات جمع کرائے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے ثریا بی بی کے کاغذات جمع کرائے جاچکے ہیں۔

اس سے قبل سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو سپیکر کیلئے نامزد کر کے انتخاب سے ایک روز قبل نامزدگی واپس لے لی تھی۔

دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے سپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے احسان اللہ میاں خیل جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے ارباب وسیم حیات کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں تاہم کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

سنی اتحاد کونسل اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ ووٹنگ آج سہ پہر 3 بجے ہو گی۔

یاد رہے کہ65 کے ایوان میں سے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے57 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کو سپیکر بلوچستان اسمبلی نامزد کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کے نام کی منظوری دی