الزیتوں اور خان یونس میں مجاہدین صہیونی فوجیوں پر ٹوٹ پڑے، فائل فوٹو
الزیتوں اور خان یونس میں مجاہدین صہیونی فوجیوں پر ٹوٹ پڑے، فائل فوٹو

شیرخوار بچوں کی شہادت پر مجاہدین بپھرگئے

ندیم بلوچ :
گزشتہ روز غذائی قلت کے سبب غزہ میں دو شیرخوار بچوں کی شہادت کے بعد مجاہدین بپھر گئے۔ شمالی غزہ میں ان دونوں بچوں کی نماز جنازہ مجاہدین کی نگرانی میں ادا کی گئی۔ جس کے فوری بعد الزیتوں اور خان یونس میں مجاہدین صہیونی فوجیوں پر ٹوٹ پڑے۔

مجاہدین نے گھات لگاکر چاروں طرف سے شدید گولہ باری کرکے الزیتوں میں موجود گیواٹی یونٹ کے دستے کو ایک عمارت میں پناہ لینے پر مجبور کردیا۔ جہاں مجاہدین نے پہلے سے اسرائیلی جیٹ طیارے ایف سکسٹین کا میزائل نصب کر رکھا تھا۔ جس سے پوری عمارت دھماکے سے اڑا دی گئی۔ جس کے نتیجے میں دو درجن کے قریب صہیونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ اسی طرح سرایا القدس کے مجاہدین نے صہیونی فوج کے قتل عام کے جواب میں اسرائیلی شہر اشکلان میں میزائلوں کی بارش کردی۔

صہیونی میڈیا نے تسلیم کیا ہے کہ راکٹوں کے گرنے سے خاصا نقصان ہوا ہے۔ الزیتون محلے کے جنوب میں دولا جنکشن کے آس پاس دشمن کی ایک فوجی گاڑی کو ’’ثقیب بیرل‘‘ ڈیوائس سے اڑایا گیا۔ اسی دوران ایک فوجی گاڑی کو تباہ بھی کیا گیا۔ ادھر موساد اور شن بیت نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ رمضان میں رفح میں محاذ کھولا تو سات اکتوبر کے طرز کا حملہ دوبارہ ہوسکتا ہے۔ حماس اب بھی جنگی صلاحیتوں سے مکمل طور پر لیس ہے۔

دوسری جانب گزشتہ سال اکتوبر کی سات تاریخ سے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 29 ہزار 954 فلسطینی شہید اور 70 ہزار 325 زخمی ہو چکے ہیں۔ قابض فوج نے گھروں پر شدید بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بدھ کے روز اسرائیل نے آٹھ مقامات کو ہدف بنائے رکھا۔ جہاںگزشتہ 24 گھنٹوں میں 76 افراد شہید اور 110 زخمی ہوئے۔ ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر اب بھی متعدد متاثرین موجود ہیں اور قابض فوج ایمبولینسوں کو ان تک پہنچنے سے روک رہی ہے۔

شمالی غزہ کی پٹی کے کمال عدوان اسپتال میں پانی کی کمی اور غذائی قلت کے نتیجے میں دو شیرخوار بچوں نے دم توڑ دیا۔ شمالی غزہ میں قحط کی صورتحال ہے۔ جہاں گزشتہ ایک ماہ سے غذائی امداد نہیں پہنچ سکی۔ یہاں ہزاروں بچوں اور حاملہ خواتین کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔ ادھر غزہ شہر پر اسرائیلی قابض فوج کی بمباری سے 6 شہری شہید اور 22 زخمی ہو گئے۔

غزہ شہر کے مغرب میں ہارون الرشید کوسٹل روڈ پر امدادی ٹرکوں کے انتظار میں کھڑے افراد پر گولے برسائے گئے۔ جس کے نتیجے میں تین افراد اور درجنوں شدید زخمی ہو گئے۔ طیاروں نے جنوب مغرب میں تل الحوا محلے میں دو گھروں اور شیخ عجلین محلے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں تین افراد شہید اور تقریباً 6 دیگر شہری زخمی ہوئے۔ جنہیں الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے الزیتون محلے میں گھروں پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ الصابرہ اورالرمل الجنوبی محلوں میں بھی شہریوں کے گھروں پر گولے داغے گئے جس سے جانی نقصان ہوا۔ غزہ کے وسطی شہر دیرالبلاح پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 20 ہو گئی۔

رفح میں قابض طیاروں نے مشرقی اور وسطی علاقوں پر سات حملے کیے۔ جس سے درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کو 145 دن ہوچکے ہیں اور اسرائیل اب سیز فائر کیلیے کوششیں کر رہا ہے۔