کوئٹہ : (اُمت نیوز) نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پیپلزپارٹی ہی بچاسکتی ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلا مقابلہ منتخب ہونا ایک اچھی روایت ہے، یہاں بیٹھے تمام لوگ خراج تحسین کےمستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ضرورت مفاہمت کی سیاست ہے، بلوچستان بڑے چیلنجزکا سامنا کر رہا ہے، پیپلزپارٹی نے ہی پاکستان کو آئین دیا، آئندہ بھی پیپلز پارٹی پاکستان کی خدمت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی سیاست ملک کی ضرورت ہے، تعلیمی سیکٹر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، 18ویں ترمیم کے بعد تمام ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے، مِل کر گورننس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پہاڑوں پر بیٹھے لوگ مرکزی دھارے کا حصہ بنیں، پہاڑوں پر موجود نوجوان واپس آئیں، ہم بلوچستان کے یوتھ کو دنیا میں ایکسپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا ریونیو بڑھانا ہے،کب تو کشکول لے کر پھرتے رہیں گے، بلوچستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا، حقوق بندوق سے نہیں پارلیمان سے ملیں گے، آئین کی حدود میں رہتے ہوئے جدوجہد کریں، وفاق کیساتھ ہمارے مسائل ضرور ہیں لیکن ہم بات چیت سے ان مسائل کو حل کریں گے۔