اسلام آباد (اُمت نیوز) وزارت عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ آج ہوگا۔
وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں آج دن 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا اور اجلاس میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوگی۔
وزارت عظمیٰ کیلئے اتحادی جماعتوں کے امیدوار سابق وزیراعظم شہبازشریف جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان ہیں۔
شہباز شریف کو پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم ، آئی پی پی اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ جے یو آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
336 رکنی ایوان میں وزیر اعظم بننے کے لیے 169ووٹ درکار ہیں، ایوان میں اتحادیوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 91 ہے۔
سپیکر کے حکم پر وزیراعظم کا انتخابی عمل شروع ہونے سے قبل 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی، گھنٹیاں بجانے کا مقصد تمام اراکین کو اسمبلی کے اندر جمع کرنا ہوتا ہے، گھنٹیاں بجائے جانے کے بعد ایوان کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔
قائد ایوان کے انتخاب تک قومی اسمبلی ہال سے نہ کوئی باہر جا سکتا ہے نہ کسی کو آنے کی اجازت ہوتی ہے، ووٹنگ کے اختتام پر سپیکر نتائج کا اعلان کرے گا۔
انتخاب کے بعد وزیر اعظم منتخب ہونے والے امیدوار کی تقریب حلف برداری پیر کو ایوان صدر میں ہوگی۔