گوادر (اُمت نیوز) پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گوادر شہر میں جمع ہونے والا بارشوں کا 75 فیصد پانی شہر سے نکال دیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ گوادر میں پاک فوج، نیوی سمیت دیگر اداروں کی جانب سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، گوادر شہر سے جمع بارشوں کا پانی 75فیصد نکال دیا گیا، گوادر میں اس وقت بھی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ جن رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہوا تھا وہاں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، گوادر میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کر کے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور متاثرین میں امدادی اشیا بھی تقسیم کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ جلد گوادر شہر سے پانی کے نکاس کا عمل مکمل ہو جائے گا، متاثرین کی بحالی تک انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، لا اینڈ آرڈر بلوچستان میں چیلنج ہے، ہم پہاڑوں پر جانے والوں کو واپسی کی دعوت دیتے ہیں۔