وزیرِ اعلیٰ سندھ کا 22.5 بلین روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان

کراچی (اُمت نیوز)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 22.5 بلین روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں میئر کراچی، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، آئی جی پولیس، سیکریٹری فنانس، ایڈیشنل آئی جی پولیس، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

دیگر ڈویژن کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 22.5 بلین روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کی 60 فیصد آبادی کو رمضان میں 5000 روپے نقد دینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مینیمم ویج والے 4.5 ملین خاندانوں کو رمضان میں رلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں کم سے کم ماہانہ تنخواہ 34000 روپے ہے جبکہ ماہانہ 32000 روپے کمانے والے خاندان آبادی کا 60 فیصد ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ ہر خاندان کو رمضان کے مہینے میں 5000 روپے بینک کے ذریعے دیے جائیں گے، اس طرح 3.5 ملین خاندانوں کو 5000 روپے دینے سے کُل 22.5 بلین روپے ادا کیے جائیں گے۔