فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کیلیے ریٹرننگ افسران مقرر

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران مقرر کردیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں سے سینیٹ کی 7،7 جنرل نشستوں 2،2 خواتین اور2،2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ سے 1،1 اقلیتی نشست پربھی انتخاب ہوگا جبکہ اسلام آباد کی 1 جنرل اور 1 ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ چاروں صوبوں میں سینیٹ انتخابات کے لیے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیے ڈی جی ٹریننگ الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسر کو مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابات کیلیے پولنگ 3اپریل کو قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

سندھ اور پنجاب سے 12،12 اور اسلام آباد کے 2 سینیٹرز کا انتخاب ہوگا جبکہ خیبر پختوانخوا اور بلوچستان سے 11،11 نئے سینیٹرز منتخب ہوں گے۔