اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر اعظم کے وژن کی روشنی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں تبدیل کرنے کے لئے ایف بی آراور کارنداز پاکستان کے درمیان جمعہ کے روزٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے اپنے پراسسزکی آٹومیشن اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے کافی ٹھوس اقدامات اُٹھائے ہیں۔ان اقدامات سے ٹیکس دہندگان کے اخراجات میں کمی،معیشت کو دستاویزی صورت دینے، ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے اور محصولات میں پائیدار اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ایف بی آراپنے ڈیجیٹل انی شیٹیوز کو عملی جامہ پہنانے اورایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع ڈیجیٹل حکمت عملی وضع کرنے میں کارنداز پاکستان کے ساتھ معاونت کرے گا۔ معاہدے کے تحت کارنداز پاکستان جو سرمایہ کاری،فنانشل اور سوشل سسٹمز کے تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی کا ایک ادارہ ہے،ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کی کاروباری ضروریات،موجودہ آئی ٹی انفرا سٹریکچر، سسٹمز اور کاروباری عمل کے دائرہ کارکے تعین میں مدد فراہم کرے گا۔اس موقع پر چیئرمین ایف بی آرملک امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ ایف بی آر نے اپنے پراسسزکو خودکار بنانے اور سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سمیت معیشت کو دیجیٹل بنانے پر کافی توجہ دی ہے اور غیر دستاویزی معیشت کے چیلنج سے نمٹنے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے کئی کوششیں کی گئی ہیں۔ ایف بی آر اب کارندازپاکستان کے ساتھ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ڈیجیٹائزیشن کے اقدامات اور ان کے نفاذ میں تعاون کرے گا۔ وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگ زیب نے اس سے پہلے ایف بی آر کے حکام اور کارنداز پاکستان کی ٹیم کے درمیان ہونے والے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران ا نہوں نے ڈیجیٹل سالوشنز کے ڈیزائن میں کاروبار کی سہولت اور عوام پر مرکوز نکتہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں بین الاقوامی کنسلٹنٹس کو بھی شامل کیا جائے۔کارنداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقاص الحسن نے بتایا کہ یہ اقدام کارندازپاکستان کے سپانسر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹریکچر ورک سٹریم کے مطابق ہے اور اس سے پاکستان میں ایک مضبوط مالیاتی نظام کی تشکیل میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے فوائد سے پوری قوم مستفید ہو گی۔ایف بی آر کی طرف سے ممبر ریفارمز اینڈ ماڈرنائزیشن اردشیر سلیم طارق اور کارنداز پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر ڈیجیٹل سروسز مرتضیٰ شرجیل نے دستخط کئے۔