ملک بھر میں بجلی کے بعد گیس مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں

 

لاہور (اُمت نیوز) سندھ اور بلوچستان کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے بھی گیس مہنگی کرنے کی تیاری کر لی گئی۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے اوگرا کو گیس کی قیمت میں 147 فیصد تک مزید اضافے کی درخواست دے دی۔

کمپنی نے قیمت میں 2 ہزار 646 روپے 18پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کرتے ہوئے نئی اوسط قیمت 4446.89 روپے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔

سوئی ناردرن نے 189 ارب 18 کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے، اوگرا سوئی ناردرن کی درخواست پر 25 مارچ کو لاہور میں سماعت کرے گی، اوگرا کے مطابق 27 مارچ کو پشاور میں بھی سماعت کی جائے گی۔

درخواست منظور ہونے کی صورت میں گیس کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی یکم جولائی 2024 سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کو درخواست بھیجی ہے جس سے صارفین پر متوقع طور پر 79 ارب 63 کروڑ کا بوجھ پڑ سکتا ہے۔

سوئی سدرن نے 324 روپے 3 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، جس میں اوگرا سے نئی اوسط قیمت 1740.80 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کا کہا گیا ہے۔

گیس کمپنی نے آئندہ مالی سال کیلئے درخواست میں مجموعی طور پر 79 ارب 63 کروڑ روپے کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے، جس کے تحت مقامی گیس کی مد میں 56 ارب 69 کروڑ روپے جبکہ آر ایل این جی کی مد میں 22 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اوگرا سوئی سدرن کی درخواست پر آج کراچی اور 20 مارچ کو کوئٹہ میں سماعت کرے گی۔

اوگرا کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔