سینیٹ الیکشن،کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال مکمل،حتمی فہرست آج آویزاں

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا، پنجاب کے امیدواروں کی حتمی فہرست آج آویزاں کی جائے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے بارے میں وقت نہیں دیا جا سکتا لیکن آج بروز بدھ کو حتمی فہرست کو ڈسپلے کیا جائے گا، الیکشن کمیشن پنجاب نے 28 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ صنم جاوید اور زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، الیکشن کمیشن سینیٹ کے انتخابات کیلئے پنجاب کے امیدواروں کے کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے بارے میں حتمی فہرست آج آویزاں کرے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی پر دہری شہریت کا اعتراض اٹھایا گیا ہے جبکہ زلفی بخاری نے برطانوی شہریت ترک کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی، برطانوی محکمہ داخلہ کو لکھا گیا خط بھی جمع کروا دیا۔

صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ صنم جاوید کا والد کیساتھ جوائنٹ اکاؤنٹ ہے، جوائنٹ اکاؤنٹ رکھنے والا امیدوار کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ سکتا، دونوں کے کاغذات نامزدگی پر عائد اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار اور راجا انصر محمود کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا محمود الحسن اور فرزند حسین شاہ کے کاغذات بھی درست قرار دے دیئے گئے۔

الیکشن کمیشن نے سندھ میں 34 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری دے دی، پیپلز پارٹی کے 17، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے 8، 8 امیدوار شامل ہیں، فیصل واوڈا کے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات منظور، ایم کیو ایم کے نجیب ہارون کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔

بلوچستان میں 28 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جبکہ 10 کے مسترد ہو گئے ہیں، سیدال خان ناصر، مصلح الدین، بلال مندو خیل، عطا الرحمان اور دیگر کے کاغذات مسترد کیے گئے۔