کراچی کے علاقے لانڈھی 36 بی ایریا میں 8 سالہ بچی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعے کا مقدمہ بچی کے سوتیلے والد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کے مطابق ملزم طارق نے اپنی اہلیہ رابعہ کی پہلے شوہر سے 8 سالہ بچی وانیہ پر16 فروری کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی، حسن سردار کے مطابق 8 سالہ معصوم بچی کا جسم آگ سے 25 سے زائد فیصد جھلس گیا تھا، بچی کی والدہ نے شوہر کے خوف کی وجہ سے پولیس سے معاملہ چھپائے رکھا۔ خاتون بچی کا سول ہسپتال تو کبھی انڈس ہسپتال سے علاج کرواتی رہی۔
مدعیہ نے بتایا کہ اس نے عرصہ2سال قبل طارق نامی شخص سے شادی کی تھی جس سے مدعیہ کا ایک بیٹا ہے۔ سابقہ شوہر امجد سے اس کی 8 سالہ ایک بیٹی ہے جو ان کے ساتھ ہی رہتی ہے۔
خاتون مدعیہ کے مطابق 16 فروری کو بیٹی ٹیوشن سے گھرآئی تو شوہر طارق نے بیٹی کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا، زیر دفعہ 324، 435 لانڈھی تھانے میں درج مقدمہ نمبر 24/134 کے مطابق ماں بچی کو بچانے لگی تو شوہر نے غصے میں اسے بھی مارا اور بیٹی پر پیٹرول چھڑک کرآگ لگادی، جسے بڑی مشکل سے بچایا اور سول ہسپتال لےجا کر علاج کروایا۔