راولپنڈی (اُمت نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیف نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان کے سربراہان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کوششوں کی یاد دلاتا ہے جو ایک الگ وطن کیلئے کی گئی تھیں، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کی بھی یاد دلاتا ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام کیلئے لازوال جدوجہد کی۔
فوجی سربراہان کا مزید کہنا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کو فاشٹ حکمرانوں کے ظلم کا سامنا ہے، یہ ظلم و بربریت ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کا احساس دلاتا ہے، آج ہم اس آزاد فضاؤں میں خوش اور اپنی آزادی کا احترام کر رہے ہیں، الحمد اللہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج مسلح افواج وطن کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں، پاکستان کی سالمیت اور علاقائی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا اور پاکستانی پرچم کو ہر قیمت پر سر بلند رکھیں گے، انشا اللہ۔