کراچی (اُمت نیوز)ضمنی انتخابات میں والد کی نشست سے انتخابی دنگل میں اترنے والی آصفہ بھٹو زرداری نے بلامقابلہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام حلقوں میں خدمات انجام دینے کا عزم ظاہر کردیا۔
شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کا عکس ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ضمنی انتخابات میں نوابشاہ سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کردیا۔
انہوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’شہید بینظیر آباد-1 کے حلقے این اے 207 سے بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر شکرگزار ہوں۔
انہوں نے عزم ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ میں عہد کرتی ہوں کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے تمام حلقوں کی پوری لگن اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کروں گی۔
آصفہ بھٹو نے مزید لکھا کہ حلقہ این اے 207 سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے لیکر حتمی نتائج سامنے آنے تک اپنے حلقے کے عوام، پیپلز پارٹی کے کارکنان، جیالوں، میڈیا وکرز اور پریس کی موجودگی اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 نوابشاہ سے آصف زرداری کامیاب ہوئے تھے تاہم صدر مملکت منتخب ہونے کے بعد ان کی نشست خالی ہوئی تھی۔
آصف زرداری کی خالی نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کو پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ نشست کے لیے آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
آر او شیر علی جمالی کے مطابق کہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے جبکہ باقی 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے لیے تھے جس کے بعد آصفہ بھٹو زرداری این اے 207 سے بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نواب شاہ کی اس نشست کو بھٹو خاندان کی آبائی نشست سمجھا جاتا ہے۔
آصف علی زرداری اس نشست پر دو مرتبہ کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ ان سے قریبی نسبت رکھنے والے ان کے اہل خاندان بھی ماضی میں اس نشست پر کامیاب ہوچکے ہیں۔
اب آصفہ بھٹو بھی اسی نشست سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنی پارلیمانی سیاست کا آغاز کریں گی۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری پہلے ہی آصفہ بھٹو کو خاتون اول کی حیثیت دینے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔
ممکنہ طور پر آصفہ بھٹو آئندہ ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی تو انہیں خاتون اول کا پروٹوکول بھی ملے گا۔
قومی اسمبلی کے ایوان میں وہ اپنے بھائی بلاول بھٹو کے ساتھ ایوان کی سرگرمیوں میں شامل ہوں گی۔