کراچی، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ

 

کراچی (اُمت نیوز)فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کی شارع قائدین پر شب غزہ کے عنوان سے مارچ کیا گیا۔

مارچ میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو حماس نے شکست دے دی ہے، غزہ میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد بھی اسرائیل باز نہیں آیا، چاروں طرف سے صیہونی بمباری کر رہے ہیں، اسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں شب بیداری فریضہ انجام دی ہے، شب بیداری کے توسط سے دعاگو ہیں اللّٰہ فلسطینی بچوں کی مدد فرمائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کوئی بولے یا نہ بولے ہم اپنے حصے کا چراغ جلاتے رہیں گے، فلسطین کے ساتھ ہمارے رشتے کو کوئی نہیں توڑ سکتا، فلسطین کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنی ہے، پوری دنیا تک پیغام پہنچانا ہے۔

اس موقع پر فلسطینی رہنما خالد قدومی نے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کی پشت پناہی اور فلسطین پر ظلم کروا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں 35 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، مہاجرین کو پاکستان میں پناہ دی جائے اور ان کا علاج کیا جائے۔