پاکستانی سرحد پر ترک انٹیلیجنس آپریشن میں داعش دہشت گرد کی گرفتاری کا دعویٰ

مبینہ کارندہ عبداللہ کے خفیہ نام سے داعش کے مختلف کیمپوں میں تنظیمی ذمہ داریاں انجام دیتا رہا تھا

October 30, 2026 · اہم خبریں

پاکستانی سرحد پر ترک انٹیلیجنس آپریشن اور داعش دہشت گرد کی گرفتاری کا دعوی

استنبول: ترک میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ترکیہ کے خفیہ ادارے نے پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے سے داعش کے ایک رکن کو گرفتار کرکے ترکیہ منتقل کردیا ہے۔

ترکیہ کے معروف اخبار ’’اکشام‘‘ کی جمعے کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق داعش کا مبینہ کارندہ اوغور بہادر (Uğur Bahadır) افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے سے گرفتار کیا گیا، جسے ترکیہ کے قومی انٹیلی جنس ادارے (ایم آئی ٹی) نے  ترکیہ منتقل کیا۔

رپورٹ کے مطابق اوغور بہادر ترکیہ سے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں گیا تھا، جہاں اس نے داعش کے کیمپوں میں تنظیم کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ اس علاقے میں داعش سے منسلک مختلف کیمپوں میں متعدد ذمہ داریاں نبھاتا رہا۔

اخبار کے مطابق ایم آئی ٹی کو حاصل ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اوغور بہادر کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔ وہ تنظیم میں ’’عبداللہ‘‘ کے خفیہ نام سے کام کرتا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ترک نژاد شخص اوزگور آلتون (Özgür Altun) نے اوغور بہادر کو داعش میں بھرتی کرانے میں کردار ادا کیا تھا۔ اوزگور آلتون ’’ابو یاسر الترکی‘‘ کے خفیہ نام سے سرگرم تھا اور اسے 2025 کے اوائل میں گرفتار کیا گیا تھا۔