نئے صوبوں کیلیے دسمبر کے آخر یا جنوری میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے ، حذیفہ رحمان
شہباز شریف جو بھی اقدام کریں گے، نواز شریف کی مکمل حمایت حاصل ہوگی ، نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ اتفاق رائے ہوا تو صوبوں کے قیام کے لیے دسمبر کے آخر یا جنوری کے پہلے ہفتے میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے۔
نجی ٹی وئ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق نواز شریف اور شہباز شریف کا مؤقف ایک ہے، دونوں کی رائے میں رتی برابر فرق نہیں، شہباز شریف جو بھی اقدام کریں گے، نواز شریف کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اتفاق رائے ہوگیا تو دسمبر کے آخر یا جنوری کے پہلے ہفتے میں ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، ریفرنڈم کے بعد آئینی ترمیم کے لیے بھی مطلوبہ تعداد پوری ہو جائے گی، پیپلز پارٹی کے ارکان بھی اس معاملے پر ووٹ دینا چاہتے ہیں۔
معاون خصوصی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے بعد پیپلز پارٹی بتائے کہ آئین میں کون سی ایسی شق موجود ہے جو آرٹیکل 239 کی ذیلی شق 4 میں ترمیم سے روک سکتی ہے۔
خذیفہ رحمان نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف ایک ہی مؤقف رکھتے ہیں، دونوں کی لائن، لینتھ اور سوچ میں کوئی فرق نہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف مسلم لیگ ن کے سپریم لیڈر ہیں، وہ جب اس معاملے پر بات کریں گے تو ان کی آواز میں پارٹی اور پنجاب کی نمائندگی ہوگی، شہباز شریف کا صوبوں سے متعلق کوئی بھی اقدام نواز شریف کی مکمل حمایت سے ہوگا۔