بلاول بھٹو زرداری کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد

اسلام آباد: (اُمت نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کو ایسٹر کی پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار اپنے پیغام کے ساتھ اُمید اور تجدید کے ساتھ نہ صرف روحانی بلکہ سیاسی منظر نامے میں بھی اہمیت کا حامل ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس پُرمسرت موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کے غیر متزلزل جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال میں ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا، جنہوں نے ہماری قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفہ اور 1973 کے آئین کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہم ہر ایک شہری کو اپنی قوم کا قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں، ہم ایک روشن، بہتر اور خوشحال مستقبل کی جانب اپنے سفر میں متحد ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کی قیادت میں انتھونی نوید کو سندھ اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر منتخب کیا گیا ہے، اسی طرح ایک نوجوان خاتون روما مشتاق مٹو کا بطور ایم پی اے انتخاب پی پی پی کے تنوع اور شمولیت کے عزم کو مزید واضح کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹر کا یہ لمحہ ہم سب کے لیے خوشحالی اور باہمی افہام و تفہیم سے بھرے نئے دور کی صبح کی نشاندہی کرتا ہے۔