سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(اُمت نیوز)سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کا دورہ پاکستان،وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے نورخان ائیربیس اسلام آباد پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا،سینیٹر طلحہ محمود، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے ،ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کا دورہ پاکستان نو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کا کہناتھا کہ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر پاکستان میں گزاریں گے،ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نماز عید الفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائیں گے۔

ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ عید الفطر رابطہ عالم اسلامی کے زیر انتظام اسلام آباد کے آرفن سنٹر کے یتیم بچوں کے ساتھ منائیں گے،ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کو 2022ء کے حج کے موقع پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے۔

چودھری سالک حسین نے کہاکہ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی ﷺ میوزیم کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے،سیرت النبی ﷺ میوزیم پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین میوزیم ہوگا،معزز مہمان ملک کی اعلیٰ ترین شخصیات سے ملاقاتیں اور تقاریب میں شرکت کریں گے۔

ملاقاتوں اور تقاریب میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین بھی ڈاکٹر عیسیٰ کے ہمراہ ہوں گے ۔حکومت پاکستان، پاک سعودی عرب برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر انہیں ہلال پاکستان کا اعزاز عطا کر چکی ہے۔