اسلام آباد (اُمت نیوز) صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قوم اور امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد دی گئی۔
اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عیدالفطرخوشیاں بانٹنے، معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثار و قربانی کا دن ہے، دعا ہے کہ یہ دن سب کیلئے برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں، ناداروں، یتیموں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر پر پوری پاکستانی قوم غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عید رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، عید اپنے کمزور بہن بھائیوں کی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کانام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے پیش نظر معاشی طور پر کمزورلوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
وزیراعظم نے عید کے موقع پر شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور نہتے فلسطینیوں اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے، اپنی خوشیوں میں نادار لوگوں کو بھی یاد رکھیں۔